نئی دہلی:15 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے دوسرے راؤنڈ میں 18 اپریل کو ہونے والے پولنگ کے لیے منگل کی شام پانچ بجے کے بعد انتخابی مہم رک جائے گی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے 19 مارچ کو جاری کی گئی نوٹیفکیشن کے مطابق 13 ریاستوں کی 97 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لئے سات مراحل میں انتخابات ہونے ہیں۔پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ہوئے انتخابات میں 20 ریاستوں کی 91 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے۔دوسرے مرحلے میں تمل ناڈو کی تمام 39 سیٹوں کے علاوہ بہار کی 40 میں سے پانچ، جموں کشمیر کی چھ میں سے دو، اتر پردیش کی 80 میں سے آٹھ، کرناٹک کی 28 میں سے 14، مہاراشٹر کی 48 میں سے 10 اور مغربی بنگال کی 42 میں سے تین نشستوں کے لیے انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلے میں اتر پردیش کی جن آٹھ سیٹوں پر انتخاب ہونا ہے ان میں آگرہ، متھرا، نگینہ، امروہہ، بلند شہر، علی گڑھ، ہاتھرس اور فتح پور سیکری شامل ہے۔وہیں بہار کے کشن گنج، کٹیہار، پورنیہ، بھاگلپور اور بانکا لوک سبھا سیٹ کے لیے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ جموں کشمیر کی سری نگر اور اودھم پور سیٹ کے علاوہ مغربی بنگال کی جلپائی گڑی، دارجلنگ اور رائے گنج سیٹ پر بھی دوسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ان تمام سیٹوں پر صبح سات بجے سے شام پانچ تک پولنگ ہوگی جبکہ چھتیس گڑھ کی نکسل متاثرہ کچھ سیٹوں پر صبح سات بجے سے دن میں تین بجے تک اور اڑیسہ کی کچھ سیٹوں پر صبح سات بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔جبکہ جموں کشمیر کی دو سیٹوں سمیت اتر پردیش اور بہار سمیت دیگر ریاستوں کی تمام سیٹوں پر صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک پولنگ ہوگی۔ صرف تمل ناڈو کی مدری سیٹ پر صبح سات بجے سے رات آٹھ بجے تک پولنگ ہوگی۔ کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جن سیٹوں پر شام چھ بجے تک پولنگ ہوگی ان سیٹوں پر 16 اپریل کو شام چھ بجے سے تشہیری مہم ختم ہوجائے گی۔ دوسرے مرحلے میں انتخابات والی 97 نشستوں پر کل 1635 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ان میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا، ڈی ایم لیڈر دیاندھی مارن، کنموئی، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اشوک چوہان، اتر پردیش کانگریس کے صدر راج ببر، بی جے پی کی ہیما مالنی اور بی ایس پی کے دانش علی شامل ہیں۔امیدواروں کی فہرست میں کلکتہ ہائی کورٹ کے سابق جج سی ایس کرنن بھی شامل ہیں۔وہ چنئی لوک سبھا حلقہ سے اینٹی کرپشن ڈاینمک پارٹی کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔